نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی شہر ممبئی میں پولیس کو کسی لڑکی کی طرف سے ایک ای میل موصول ہوئی جس میں بتایا گیا تھا کہ فلاں پرواز کو ہائی جیک کیا جانے والا ہے۔ پولیس نے جب ای میل بھیجنے والی لڑکی کا سراغ لگایا تو ایسا انکشاف ہوا کہ پولیس والوں کے بھی ہوش اڑ گئے۔ ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ای میل بھیجنے والی لڑکی نہیں بلکہ ایک 32سالہ مرد تھاجس کا نام موٹاپارتھی وامسی کرشناتھا اور وہ حیدرآباد کے مضافاتی علاقے مایاپور کا رہنے والا تھا۔اس نے خاتون کے نام سے جعلی اکاﺅنٹ بنا کر پولیس کو یہ ای میل کی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ”وامسی شادی شدہ اور دو بچوں کا باپ ہے لیکن اس نے باہر کسی لڑکی سے بھی چکر چلا رکھا تھا۔ وہ لڑکی چنئی کی رہائشی تھی۔ وہ لڑکی وامسی سے اصرار کر رہی تھی کہ وہ اسے ممبئی اور گووا میں چھٹیوں پر لے کر جائے لیکن وہ جانا نہیں چاہتا تھا کیونکہ ان دنوں اس کے مالی حالات اچھے نہیں چل رہے تھے۔ اس نے اپنی گرل فرینڈ کو دھوکہ دینے کے لیے ایک منصوبہ بنایا۔اس نے مذکورہ پرواز کے جعلی ٹکٹ بنائے اور ایک اپنی محبوبہ کو چنئی بھیج دیا کیونکہ اسے چنئی سے ممبئی آنا تھا۔ اب اس کا اگلا منصوبہ یہ تھا کہ وہ ہائی جیکنگ کی ای میل کرکے وہ پرواز ہی منسوخ کروا دے گا۔ اس طرح اس کی محبوبہ کو معلوم ہی نہیں ہو سکے گا کہ ٹکٹ جعلی ہے اور اس کی جان چھوٹ جائے گی۔“
وامسی کی ای میل پر ائرپورٹوں کی سکیورٹی سخت کر دی گئی، اور ای میل بھیجنے والے کی تلاش بھی شروع ہوگئی۔ پولیس نے جلد ہی پتا چلا لیا کہ یہ ایک جعلی اکاﺅنٹ سے بھیجی گئی تھی۔ جب وامسی کو گرفتار کر کے پوچھ گچھ کی گئی تو اس کے احمقانہ منصوبے نے سب کو حیران کر دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس کے خلاف قانونی کاروائی جاری ہے۔