نئی دلی (نیوز ڈیسک) جنسی جرائم کی تاریخ میں بھارت سے زیادہ مکروہ چہرہ شائد ہی دنیا کے کسی اور ملک کا ہو، جہاں ہر نیا جنسی جرم اس قدر لرزہ خیز ہوتا ہے کہ پچھلے سب جرائم کو بھلا دیتا ہے۔ ایک ایسا ہی رونگٹے کھڑے کردینے والا واقعہ بھارتی ریاست نوئیڈا میں پیش آگیا ہے جہاں ڈاکوﺅں نے رات کی تاریکی میں ایک گاڑی کو روکا اور اس میں سوار چار خواتین کو قریبی کھیتوں میں لے جا کر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا، جبکہ ان کے ساتھ موجود ایک مرد کو سینے میں گولی مار کر ہلاک کر دیا ۔
ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایک بدقسمت فیملی کے سات افراد ہسپتال میں پڑے اپنے ایک عزیز کی خبر لینے کیلئے رات کے 1 بجے گھر سے نکلے تھے۔ یہ لوگ جیوار سے بلند شہر کی جانب جا رہے تھے کہ خورجہ جھاجر روڈ پر سبوتہ گاﺅں کے قریب انہیں گاڑی کے ٹائروں کے ساتھ کوئی چیز ٹکراتی محسوس ہوئی۔ جب یہ نیچے اترے تو دیکھا کہ گاڑی کے اگلے دونوں ٹائر پنکچر ہو چکے تھے۔ ابھی یہ لوگ گاڑی سے نیچے اترے ہی تھے کہ قریبی فصل میں چھپے ڈاکوﺅں کے ایک جتھے نے ان پر ہلہ بول دیا۔
چھ سے سات مسلح ڈاکو اس فیملی کو اسلحے کے زور پر کھیتوں میں لے گئے، جہاں مردوں کے سامنے ہی چار خواتین کی اجتماعی آبروریزی شروع کر دی۔ جب ایک مرد نے خواتین کو بچانے کیلئے مزاحمت کی تو درندہ صفت ڈاکوﺅں نے اس کے سینے میں گولی مار دی اور وہ موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔ وحشی درندوں نے کئی گھنٹوں تک چاروںخواتین کی اجتماعی آبروریزی کی اور صبح ہونے سے قبل انہیں کھیتوں میں چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ پولیس کو واقعہ کی اطلاع دی گئی لیکن وہ ڈاکوﺅں کا سراغ لگانے میں ناکام ہیں اور تاحال انہیں گرفتار کرنے کی کوشش میں مصروف ہیں ۔
یاد رہے کہ بھارت میں رات کے وقت شاہراہوں پر گاڑیاں روک کر خواتین کی آبروریزی کے متعدد واقعات پہلے بھی پیش آچکے ہیں۔ ان میں گزشتہ سال جولائی میں پیش آنے والا انتہائی اندوہناک واقعہ بھی شامل ہے، جب نوئیڈا سے شاہجہان پور جانے والی ایک گاڑی کو روک کر اس میں سوار ایک خاتون اور اس کی 13 سالہ بیٹی کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔