بیونس آئرس(نیوزڈیسک) گزشتہ دنوں ہماری قومی ائرلائن کے ایک پائلٹ نے ایک چینی دوشیزہ کو کاک پٹ کی سیر کروا کے ہنگامہ برپا کر دیا، لیکن اب ارجنٹینا کے دو پائلٹوں نے ایسا کام کر ڈالاہے کہ غیر ذمہ داری میں ہمارے پائلٹ کو کہیں پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ ان پائلٹوں نے تمام سفر کے دوران ایک سپر ماڈل کو کاک پٹ میں ہی رکھا، حتٰی کہ لینڈنگ جیسے حساس مرحلے پر بھی خوبرو ماڈل کاک پٹ میں ہی تھی۔اس نے انٹرنیٹ پر اپنی تصاویر بھی پوسٹ کیں جن میں وہ دونوں پائلٹوں کے کندھوں پر ہاتھ رکھے کاکپٹ میں بیٹھی نظر آتی ہے ۔
سپر ماڈل وکٹوریا شیپولیس ٹاکس نے بیونس آئرس سے روزاریو جانے والی پرواز کے کاکپٹ بیٹھ کر نہ صرف سیلفیاں بنائیں بلکہ وہ پائلٹ کی سیٹ پر بھی براجمان رہی۔ اسے کاکپٹ میں لے جانے اور طیارے کے حساس نوعیت کے کنٹرول سنبھالنے کی اجازت دینے پر دونوں پائلٹوں کو سنگین غفلت کا مرتکب قرار دے کر نوکری سے نکال دیا گیا ہے ۔
آسٹر ایئرلائن نے ایک بیان میں اعتراف کیا ہے کہ قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ماڈل کو کاکپٹ میں جانے کی اجازت دی گئی۔ بیان میں مزید کہا گیا ” پرواز 2708 میں پیش آنے والے واقعے کے نتیجے میں پائلٹ پیٹریشیوزوچی مولینا اور فیڈریکو متائس ساﺅجے کو برخواست دیا گیا ہے۔ دیگر ذمہ داران کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ “
دوسری جانب وکٹوریا اس تمام ہنگامے پر حیران ہے۔ اس نے ایک حالیہ بیان میں بڑی معصومیت سے کہا ” میں تو بس ایک اضافی پائلٹ تھی۔ میں نے جہاز بھی اڑایا اور یہ ایک شاندار تجربہ تھا۔ “