نئی دلی (نیوز ڈیسک)بھارت میں جہالت اور قدامت پسندی کے دلچسپ و عجیب واقعات بکثرت پیش آتے ہیں لیکن حال ہی میں ایک شخص نے مذہبی دیوانگی کا ایسا حیرتناک مظاہرہ کیا کہ جس کی مثال ملنا مشکل ہے۔
اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق لکھن منوج نامی اس شخص کا کہنا تھا کہ بھگوان شیوا اس کے خواب میں آئے اور حکم دیاکہ اٹھ کر بھگوان کے جسم کا مردانہ حصہ ڈھونڈو اور جہاں بھی یہ ملے وہیں بھگوان شیواکا مندر تعمیر کرو۔ لکھن منوج نے جب یہ خواب لوگوں کو سنایا تو سب اس کے ساتھ ہولئے، حتیٰ کہ گاﺅں کے سرپنچ اور میونسپل وائس چیئرمین ناگاراپو ویکانت بھی اس کے ساتھ مل کر بھگوان کا مردانہ حصہ ڈھونڈنے لگے۔ ان لوگوں پر ایسا جنون طاری ہوا کہ ان لوگوں نے بھگوان کا مردانہ حصہ تلاش کرتے ہوئے ویرانگل حیدرآباد ہائی وے کا 20 فٹ پر مشتمل حصہ بھی کھود ڈالا، لیکن جو چیز ڈھونڈ رہے تھے وہ نہ مل سکی۔
لکھن منوج کا کہنا ہے کہ اسے تین سال سے اشارے مل رہے تھے اور بالآخر بھگوان نے خود اس کے خواب میں آکر عضو کی تلاش کرنے کا حکم دیا۔ لکھن منوج اور اس کے ساتھیوں کو نہ صرف اپنے مقصد میں ناکامی ہوئی ہے بلکہ پولیس نے بھی سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے پر ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔