بھارت کے نامور ہدایت کار روی اودے وار نے فلم ’’مام‘‘ میں پاکستانی اداکارہ سجل علی کو کاسٹ کرنے کی وجہ ان کی ’’خوبصورت آنکھوں‘‘ کو قرار دیا ہے۔پاکستان میں ٹیلنٹ اورخوبصورتی کی کوئی کمی نہیں، اس کی مثال ہمارے پاکستانی فنکار ہیں جنہوں نے بھارت جاکراتنی زبردست اداکاری کی کہ ہدایت کار و پروڈیوسرز بھی ان کی تعریف کیے بغیرنہ رہ سکے،
پاکستانی اداکارفواد خان اورماہرہ خان کے بھارت میں کروڑوں چاہنے والے موجود ہیں جو انہیں دوبارہ فلموں میں دیکھنے کے لیے بے تاب ہیں جبکہ اداکارہ صبا قمرکی اداکاری نے پورے بھارت کو دیوانہ بنایا ہواہے اوراب خوبصورت آنکھوں اورمعصوم چہرے والی پاکستانی اداکارہ سجل علی فلم’’مام‘‘ کے ذریعے بالی ووڈ میں ڈیبیو کرنے جارہی ہیں۔واضح رہے کہ فلم’’مام‘‘ کی کہانی ماں بیٹی کے رشتے میں آنے والے اتارچڑھاؤ کے گرد گھومتی ہے اس فلم کی خاص بات یہ ہے کہ سری دیوی، سجل علی کی سوتیلی والدہ اورپاکستانی اداکارعدنان صدیقی ان کے والد کا کردارادا کررہے ہیں، سری دیوی فلم’’مام‘‘ کے ذریعے 5 سال بعد فلموں میں واپسی کررہی ہیں، سجل، عدنان صدیقی اورسری دیوی کےعلاوہ اداکار نوازالدین صدیقی اور اکشے کھنا بھی فلم میں اہم کردارمیں نظر آئیں گے، فلم 7 جولائی کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔