ممبئی: بالی ووڈ میں اپنے بے باک تبصروں اور متنازعہ بیانات کے حوالے مشہور اداکارہ راکھی ساونت کی برقع پہن کرعدالت آمد نے بھارتی میڈیا سمیت تمام لوگوں کو حیران کر دیا۔ بالی ووڈ کی اسکینڈل کوئین راکھی ساونت کو خبروں میں رہنے کا فن خوب آتا ہے لیکن وہ اکثر منفی خبروں کے باعث میڈیا کی توجہ کا مرکز بنتی ہیں
گزشتہ کچھ عرصہ قبل راکھی ساونت ایک پروگرام کے دوران رامائن کے مصنف والکمی کے خلاف توہین آمیز الفاظ کی ادائیگی کے باعث سخت مشکل کا شکار ہو گئی تھیں انہوں نے والمکی کا موازنہ گلوکار ملکھا سے کیا تھا جس پر بھارتی شہر لدھیانہ کی عدالت بیان کے خلاف وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق راکھی ساونت نے حالات کی سنگینی کا اندازہ کرتے ہوئے لدھیانہ کی عوام سے معافی کا مطالبہ کیا تھا لیکن لوگوں نے انہیں معاف کرنے سے انکار کر دیا تھا، اسی کیس کے سلسلے میں راکھی گزشتہ روز اپنے آپ کو مکمل طور پر چھپاتے ہوئے برقع پہن کر عدالت میں حاضر ہوئیں، احاطہ عدالت میں موجود تمام لوگ راکھی کو اس روپ میں دیکھ کر حیرت زدہ رہ گئے
ذرائع کے مطابق راکھی ساونت نے عدالت میں پیش ہو کر اپنا معافی نامہ جمع کرواتے ہوئے ضمانت کی درخواست دائر کی جس پر عدالت نے ان کی درخواست قبول کرتے ہوئے ایک لاکھ روپے کے عوض انہیں ضمانت دے دی، ضمانت ملنے کے فوراً بعد راکھی ممبئی کے لئے روانہ ہو گئیں۔