کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کی معمر ’نوجوان‘ اداکارہ ماہ نور بلوچ آج (14 ) جولائی کو اپنی 47 ویں سالگرہ منا رہی ہیں۔ وہ امریکہ میں پیدا ہوئیں اور پاکستان میں اشتہارات کے ذریعے اداکاری کا آغاز کیا جبکہ 1989 میں پی ٹی وی پر پہلے ڈرامہ میں کام کیا۔ بطور ہیروئن وہ پہلی بار 1993 میں ڈرامہ ’ ماروی‘ میں جلوہ گر ہوئیں۔
تفصیلا ت کے مطابق اتنی بڑی عمر کے باوجود بھرپور نوجوان نظر آنے والی اداکارہ ماہ نور بلوچ اپنی 47 ویں سالگرہ منا رہی ہیں۔ انہوں نے پی ٹی وی کے عروج کے زمانے میں اداکاری کا آغاز کیا اورحقیقی زندگی میں نانی بننے کے باوجود ڈراموں میں آج بھی ہیروئن کے طور پر کام کر رہی ہیں۔
جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر اداکار بہروز سبزواری نے بتایا کہ ماہ نور بلوچ نے پہلے ڈرامے میں ان کے مد مقابل 1989 میں کام کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ماہ نور بلوچ تب بھی ہیروئن تھیں اور آج بھی ہیروئن کے طور پر آ رہی ہیں جو کہ ان کا کمال ہے۔ بہروز سبزواری نے کہا کہ کم عمر نظر آنے میں ماہ نور بلوچ کا اپنا بڑا ہاتھ ہے جبکہ آج کل تو مارکیٹ میں ایسی ایسی چیزیں آ گئی ہیں کہ آدمی بوڑھا ہو ہی نہیں سکتا۔