انقرہ: ترکی میں آئس کریم فروش نے معروف بھارتی اداکار عامر خان کو گھما کر رکھ دیا۔
بالی ووڈ اداکارعامر خان اپنی نئی فلم کی تشہیر کے لیے اہل خانہ کے ہمراہ ترکی کے دورے پر ہیں جہاں انہوں نے ترک صدر رجب طیب اردوان سے صدارتی محل میں ملاقات بھی کی۔ عامر خان نے موقع غنیمت جانتے ہوئے ترکی کی مشہور زمانہ آئس کریم کھانے نکل پڑے لیکن اس کا حصول کافی دشوار گزار ثابت ہوا۔
عامر خان نے ٹوئٹر پر ’’صبر کا پھل میٹھا‘‘ کے نام سے اپنی ویڈیو شیئر کی جس میں وہ ترکی کے آئس کریم فروش سے آئس کریم خرید رہے ہیں لیکن آئس کریم والا جو کسی بازی گر سے کم نہیں آئس کریم عامر خان کے ہاتھ میں پکڑاتے ہوئے انہیں خوب تنگ کرتا ہے تاہم مسٹر پرفیکشنسٹ بھی جھنجھلاہٹ کا شکار نہیں ہوتے اور صبر کے ساتھ آئس کریم پکڑنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں۔