ممبئی. بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان اور شلپا شیٹی پرسرعام ’بھنگی‘ کا لفظ استعمال کرنے کا الزام ہے۔ دونوں کیخلاف ممبئی اور جے پورمیں مقدمہ درج کروایا گيا ہے۔تفصیلات کے مطابق یہ مقدمہ بھارت کی ایک فلاحی تنظیم روزگار آگاڑی ریپبلکن پارٹی آف انڈیا کی جانب سے درج کروایا گیا ہے۔
انڈین قانون کے مطابق اس طرح کی حرکت پر دونوں کو پانچ برس قید کی سزا ہو سکتی ہے۔ والمکی کی فلاح وبہبود کیلئے قائم اس تنظیم کا کہنا ہے کہ بھنگی جیسے الفاظ سے ان کی برادری کی منفی تصویر پیش کی جاتی ہے۔ خیال رہے کہ والمکی برادری بھارت میں صفائی کے پیشے سے وابستہ ہے اور انھیں عرف عام میں بھنگی کہہ کر پکارا جاتا ہے۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق تنظیم کے نائب صدرکشور معصوم نے اس مقدمے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا سلمان خان اور شلپا شیٹی کی جانب سے ایسے الفاظ کے استعمال کی ہم شدید طورپرمذمت کرتے ہیں۔ ہم نے پولیس میں شکایت درج کی ہے اور اس کیخلاف احتجاجی مظاہرہ بھی کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ قانون سے بالاترکوئی بھی نہیں ہے، انہیں صرف اشرافیہ نے اسٹار نہیں بنایا، دلت برادری کے لوگ بھی سلمان خان کے مداح ہیں اور ان کی فلمیں دیکھتے ہیں۔ ہمیں اس سے تکلیف پہنچی ہے۔واضح رہے کہ اداکارہ شلپا شیٹی نے ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں لکھا ہے کہ اگر ان کے بیان سے کسی کو ٹھیس پہنچی ہے تو وہ معذرت خواہ ہیں، ماضی کے میرے ایک انٹرویو کے بعض الفاظ کے غلط معنی نکالے گئے ہیں۔ یہ کسی کے بھی احساسات کو ٹھیس پہنچانے کی نیت سے کبھی بھی نہیں کہے گئے۔ اگر کسی کو ٹھیس پہنچی ہو تو میں معذرت پیش کرتی ہوں۔ میرا تعلق اس ملک سے ہے جہاں مختلف ذات اور طبقے کے لوگ رہتے ہیں اور میں ان سبھی کا عزت و احترام کرتی ہوں۔ تاہم سلمان خان کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔