لاہور: اداکارہ وماڈل سعیدہ امتیاز نے کہا ہے کہ کامیابیاں اورناکامیاں زندگی کے ساتھ چلتی رہتی ہیں لیکن آگے ہمیشہ وہی لوگ بڑھتے ہیں جواپنی منزل کوپانے کی دھن میں سواررہتے ہیں۔
’’ایکسپریس‘‘ سے بات کرتے ہوئے سعیدہ امتیاز نے کہا کہ جب میں نے شوبز کی دنیا کواپنا پروفیشن بنانے کی ٹھانی توبہت سی مشکلات کا سامنا رہا۔ لیکن میری لگن اورجدوجہد نے مجھے ایک ہی سمت میں آگے بڑھنے کی ہمت دی۔ میں نے ثابت قدمی سے اپنا کام کیا اوربہت جلد مجھے کامیابی کی سیڑھی پرقدم رکھنے کا موقع ملا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ مجھے جہاں فیشن انڈسٹری میں بڑے پیمانے پرکام کرنے کا موقع ملا، وہیں ’کپتان‘جیسی ایک انٹرنیشنل معیارکی فلم میں مرکزی کرداربھی ملا۔ نامعلوم وجوہات کی بناء پرفلم توتاحال ریلیزنہ ہوسکی ، لیکن اس پراجیکٹ کے بعد مجھے جہاں اپنے ملک میں بہترین کام ملنے لگا، وہیں پڑوسی ملک سے بھی آفرز کا سلسلہ شروع ہوا۔