امریکا: مونووی میں خوش آمدید، یہ امریکا کا واحد باقاعدہ شہر ہے جہاں 2010ء کی امریکی مردم شماری کے تحت صرف ایک شخص رہائش پذیر ہے۔ یہ شخصیت ایک خاتون ایلسی آئلر کی ہے جو اس علاقے کی میئر، کلرک، دکان دار، لائبریرین ، واحد ٹیکس گزار اور خود اپنا ہی ٹیکس جمع کرنے والی ہیں۔ وہ ہر سال میئر کے انتخابات کا بورڈ لگاتی ہیں۔ پھر خود اپنے آپ کو ووٹ دے کر منتخب کرلیتی ہیں۔ وہ ہر سال 500 ڈالر ٹیکس اپنے آپ کو ادا کرکے پانی اور بجلی کے اخراجات ادا کرتی ہیں۔ وہ مونووی کے شہر کا درجہ برقرار رکھنے کے لیے تمام تر کاغذات جمع کراتی رہتی ہیں۔ ان کی خواہش ہے کہ یہ شہر آباد رہے اور انسانوں کے بغیر کسی ’بھوت نگری‘ یا گھوسٹ ٹاؤن میں تبدیل نہ ہوجائے۔ایلسی نے بتایا کہ جب میں شراب اور تمباکو نوشی کے سالانہ لائسنس کی تجدید کرتی ہوں تو وہ لائسنس گاؤں کے سیکریٹری کے نام آتا ہے جو میں ہی ہوں پھر میں اس پر کلرک بن کر دستخط کرتی ہوں اور اسے شراب خانے کی مالکہ کو دیتی ہوں جو میں ہی ہوں۔ ایلسی کے مطابق وہ اس علاقے میں پلی بڑھی ہیں اور یہاں تنہا رہ کر بھی بہت خوش ہیں۔ اس عجوبہ شہر کو دیکھنے دنیا بھر کے لوگ آتے ہیں اور مہمانوں کی کتاب میں دستخط کرتے ہیں۔