سان فرانسسکو (نیوز ڈیسک)کیا یہ بھی ممکن ہے کہ کسی پولیس اہلکار کو دیکھ کر اس پر بے اختیار پیار آ جائے اور آپ اسے دیکھتے ہی رہ جائیں؟ آہ، ہماری پولیس کو تو دیکھتے ہی لوگ بھاگ اٹھتے ہیں اور دعا کرتے ہیں کہ دوبارہ کبھی ان سے آمنا سامنا نہ ہو، لیکن امریکہ کی ایک خاتون پولیس اہلکار واقعی ایسی جادوگرنی ہے کہ ہر کوئی اس کی جانب کھنچا چلا جاتا ہے۔ شینن ڈریسر نامی یہ پولیس اہلکار بے حد خوبصورت ہیں، اتنی خوبصورت کہ مس ٹیکساس 2017ءکا تاج بھی ان کے سر پر سج گیا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ شینن ریاست ٹیکساس کی ملکہ حسن تو بن گئی ہیں لیکن ایک دبنگ پولیس اہلکار کے طور پر بھی ان کا کوئی ثانی نہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ دونوں کردار بہت اچھی طرح نبھارہی ہیں۔ مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا ”آپ کو ان دونوں کاموں کیلئے سخت تربیت کی ضرورت ہوتی ہے۔ آپ مشکل ترین وقت کیلئے ٹریننگ کرتے ہیں اور اچھے نتیجے کی امید رکھتے ہیں۔ مجھے لوگوں سے بات چیت کرنے میں لطف محسوس ہوتا ہے اور میں کسی بھی مجرم کو صرف اپنی آنکھوں سے ہی زیر کرسکتی ہوں۔“

شینن کے حسین چہرے اور دل موہ لینے والی مسکراہٹ کو دیکھ کر آپ کسی غلط فہمی میں ہرگز مبتلا نہ ہوں کیونکہ بطور پولیس اہلکار وہ بہت سخت مزاج واقع ہوئی ہیں۔ ریاست ٹیکساس میں جن لوگوں کو ان سے واسطہ پڑا ہے وہ کہتے ہیں کہ شینن جب ڈیوٹی پر ہوتی ہیں تو وہ صرف ایک پولیس اہلکار ہوتی ہیں۔ ڈیوٹی کے دوران وہ ہر کسی کیلئے آفیسر شینن ہی ہوتی ہیں۔

شینن پولیس اور عوام کے درمیان تعلقات بہتر بنانے اور سکول کے طلبا وطالبات کی کردار سازی کیلئے انہیں لیکچر بھی دیتی ہیں۔ وہ اپنی زندگی سے بہت خوش ہیں اور کہتی ہیں ”میرے لئے یہ بات باعث مسرت ہے کہ میں بیک وقت دو دنیاﺅں میں رہ سکتی ہوں۔ میں ایک پولیس اہلکار بھی ہوں اور بیوٹی کوئن بھی۔ میں جو چاہے کرسکتی ہوں۔ آپ یہ بھی کہہ سکتے ہیں کہ میں صرف پولیس آفیسر شینن نہیں ہوں اور میں صرف مس ٹیکساس بھی نہیں ہوں، میں یہ دونوں ہوں۔ میں شینن ہوں۔“

