لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) اداکارہ و ماڈل ریچل خان کے بیوٹی سلیون سے ان کی میک اپ آرٹسٹ اور منیجر شہلا چوہدری ساڑھے دس لاکھ روپے چوری کر کے فرار ہوگئی ، ریچل خان نے تھانہ گلبرگ میں چوری کا مقدمہ درج کروادیا ، پولیس نے ملزمہ کی تلاش شروع کردی۔ تفصیلات کے مطابق اداکارہ و ماڈل ریچل خان کا لبرٹی مارکیٹ میں ’’ریچل خان ‘‘کے نام سے بیوٹی سیلون ہے جہاں ان کے سٹاف میں میک اپ آرٹسٹ اور منیجر شہلا چوہدری ایک سال سے کام کررہی تھی اور سیلون کی چابیاں بھی اس کے پاس ہوتی تھیں ۔ایف آئی آر کے مطابق شہلا چوہدری ساڑھے چھ لاکھ روپے کی نقدی اور دو ڈائمنڈ لاکٹ سیٹ جن کی مالیت ساڑھے چار لاکھ روپے بتائی جاتی ہے چوری کر کے فرار ہوگئی ۔ ریچل خان نے تھانہ گلبرگ میں چوری کی ایف آئی آر 573/17درج کرواد ی ہے جس کے بعد پولیس نے ملازمہ کی تلاش شروع کردی ۔اس حوالے سے اداکارہ ریچل خان کا کہنا ہے کہ شہلا چوہدری میرے پاس ایک سال سے کام کررہی تھی اور میں اس پر بڑا اعتماد کرتی تھی مگر اس نے میرے اعتماد کودھوکہ دیا ہے جس کا مجھے انتہائی دلی دکھ ہوا کہ میرے اعتماد کو کس طرح ٹھیس پہنچائی گئی اور مجھے مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ۔ انہوں نے کہاکہ میں نے اپنی منیجر کے خلاف تھانہ گلبرگ میں درخواست دیدی ہے اورپولیس اسے گرفتار کر کے اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرے ۔