کوالالمپور(مانیٹرنگ ڈیسک)ہمارے ہاں پانامہ پیپرز کی تحقیقات کا بہت غلغلہ ہے، ایسے میں ملائیشیا کے وزیراعظم اور ان کی اہلیہ پر کرپشن کا ایسا الزام سامنے آ گیا ہے کہ آپ پانامہ بھول جائیں گے۔ عالمی خبررساں ایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس کی ایک عدالت میں درخواست دائر کی گئی ہے جس میں ملائیشین وزیراعظم نجیب رزاق اور ان کی اہلیہ پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے سرکاری فنڈز میں کرپشن کرکے 3کروڑ ڈالر (تقریباً3ارب روپے) کا ہار خریدا ہے۔درخواست میں وزیراعظم کے نام کی بجائے ’ملائیشین آفیشل‘ کے الفاظ لکھے گئے ہیں تاہم ملائیشین اور امریکی حکومتوں کی طرف سے تصدیق کی جا چکی ہے کہ ملائیشین آفیشل سے مراد وزیراعظم نجیب رزاق ہیں۔ یہ ہار وزیراعظم کی اہلیہ کے لیے خریدا گیا جو گلابی رنگ کے انتہائی نایاب 22قیراط کے ہیروں سے بنا ہوا ہے۔ یہ کرپشن ملائیشین ڈویلپمنٹ برہیڈ نامی ادارے میں کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق ادارے کے فنڈز میں مجموعی طور پر ساڑھے4ارب ڈالر (تقریباًساڑھے 4کھرب روپے) کی کرپشن کا انکشاف ہو چکا ہے۔تاہم وزیراعظم نجیب رزاق کی طرف سے کرپشن کے ان الزامات کی سختی سے تردید کی گئی ہے۔
