نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) دنیا میں یوگا کی کئی اقسام ہیں اور اب امریکیوں نے ان میں ایک نئی قسم کا اضافہ کر دیا ہے۔ اس نئی قسم کا نام ’گوٹ یوگا‘ ہے جسے آپ ’بکری یوگا‘ بھی کہہ سکتے ہیں۔ این بی سی نیوز کی رپورٹ کے مطابق یوگا کی اس قسم کا آغاز امریکی ریاست نیو ہیمپشائر کے قصبے نوٹنگھم سے ہوا جہاں ہیڈر کورویل نامی ایک شخص نے بکریوں کافارم بنا رکھا ہے اور وہ ان بکریوں کے دودھ سے صابن بناتا ہے۔ اس کی بیوی ، یوگا انسٹرکٹر جنین بیبیو (Janine Bibeau)یوگا کی کلاس بھی لیتی ہے۔ اس نے فارم ہاﺅس میں موجود بکری کے بچوں کو یوگا میں استعمال کرنا شروع کیا۔

رپورٹ کے مطابق یوگا کی اس قسم میں کلاس کے شرکاءمختلف پوزیشنز میں الٹے ہوتے ہیں اور بکری کے بچے ان کی کمر کے اوپر اچھل کود کرتے ہیں۔ جنین اور کورویل نے کچھ عرصہ قبل اس طرز کے یوگا کی ویڈیو بنا کر انٹرنیٹ پر پوسٹ کی تھی جو صارفین کواس قدر پسند آئی کہ بڑی تعداد میں اس یوگا کلب میں آنے لگے۔ اب یوگا کی یہ قسم پورے امریکہ میں تیزی کے ساتھ مقبول ہو رہی ہے۔ جنین کا کہنا ہے کہ ”ہم نے تو ایک دن یونہی بکری کے بچوں کو یوگا کلاس میں استعمال کیا تھا اور اس کی ویڈیو بنائی تھی۔ ہمیں اندازہ نہیں تھا کہ یہ اس قدر مقبول ہو جائے گی۔ یوگا میں بکری کے بچوں کے استعمال سے لوگ بہت محظوظ ہوتے ہیں اور مسکراتے ہوئے کلاس سے جاتے ہیں۔“


