بھارتی ریاست اترپردیش میں حکومت نے نئے جوڑوں کو ”شگون “کے طور پر کنڈوم دینے کا فیصلہ کر لیا۔

”دی ٹائمز آف انڈیا “ کے مطابق ریاست اتر پردیش میں حکومت کی جانب سے نئے شادی شدہ جوڑوں کو فیملی پلاننگ کیلئے کنڈوم ، مائع حمل گولیاں اور دیگر چیزیں دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔شگون کے طور پر دی جانے والی”نئی پہل“ کٹ آشا کے ورکرزکے ذریعے تقسیم کیے جائیں گے ۔سکیم کا آغاز 11جولائی کو وولڈ پاپولیشن ڈے کے موقع پر کیا جائے گا ۔
ریاست اترپردیش کی جانب سے نوبیاہتا جوڑوں کو دی جانے والی کٹ میں وزارت صحت کی جانب سے ایک لیٹر بھی موجود ہو گا جس میں فیملی پلاننگ اور بچوں کی پیدائش میں وقفے کی اہمیت کے حوالے سے رہنمائی ہو گی ۔ اس کے علاوہ کٹ میں تولیے ، رومال ، ناخن تراش ، کنگیاں اور دولہا و دلہن کیلئے آئینے بھی ہونگے ۔
پریوار ویکاس مشن کے پراجیکٹ منیجرکا کہنا ہے کہ اس عمل کا مقصد نو بیاہتا جوڑوں کو شادی شدہ زندگی کی ذمہ داریوں کیلئے تیار کرنا ہے۔”نئی پہل“ کٹ میں جوڑے کیلئے کنڈوم کے پیکٹس، ایمرجنسی مائع حمل کی گولیاں، اور دولہا و دلہن کے استعمال کیلئے دیگر اشیاءبھی موجود ہونگی۔
نیشنل ہیلتھ مشن کے ڈائریکٹر الوک کمار کا کہنا تھا کہ ان پڑھ دولہا ولہن کو آشا کے ورکرز زبانی طور پر فیملی پلاننگ اور دیگر امور پر رہنمائی کریں گے۔