کراچی(سٹاف رپورٹر)تحریک پاکستان کے رہنما اور معروف اسلامک سکالر مولانا عبدالحامد بدایونی کے پوتے مشہود قادری نے اپنے فنی کیریئر کی پہلی فلم ساون مکمل کرلی ۔ انہوں نے ٹی وی کے سینئر معاون ہدایتکار فرحان عالم کی پہلی فلم کیلئے سکرپٹ لکھا جسکا منظرنامہ بھی انکا ہی تحریر کردہ ہے ۔ سچی کہانی پر مبنی اس فلم کی ایڈیٹنگ کیلئے بھارتی فلموں کے معروف ایڈیٹر آسیم سنہاکی خدمات حاصل کی گئی ہیں جنہوں نے بھارتی فلمیں ابا ، زبیدہ، خوبصورت، ویل کم ٹو، سجن پور اور سرداری بیگم کی ایڈیٹنگ کی ۔کلاکار فلمز کے تحت بنائی گئی فلم کی کاسٹ میں کرم حسین ، نجیبہ فیض ، عارف باحلیم ، عمران اسلم، سلیم معرا ج ، ٹیپو شریف، شاہد نظامی، حفیظ علی ، سحر ش قادری، مہک علی اور محمد عباس شامل ہیں ۔ فلمساز عاصم قادری نے بتایا فرحان عالم ٹی وی کیمرہ مین شاہ عالم کے بیٹے ہیں ، فرحان عالم معاون کے طور پر گزشتہ 15 برس سے انٹر ٹینمنٹ انڈسٹری سے وابستہ ہیں ۔ مذکورہ فلم کی عکس بندی سکردو، کھاپلو اور مختلف مقامات پر کی گئی ہے ، فلم میں کوئی گانا نہیں ،صرف بیک گرائونڈ میوزک رکھا گیا ہے ۔ فلم کی ریلیز اگلے ماہ متوقع ہے ۔