برطانیہ کا ایک ٹیلی ویژن چینل شہزادی لیڈی ڈیانا کے بارے میں ایک نئی دستاویزی فلم نشر کررہا ہے۔اس میں وہ ویڈیو ٹیپس بھی شامل ہیں جن میں شہزادی ڈیانا نے اپنی ازدواجی زندگی کو درپیش مسائل اور شاہی خاندان کے ساتھ اپنے کشیدہ تعلقات پر گفتگو کی تھی۔
آنجہانی ڈیانا نے 1990ء کے عشرے کے اوائل میں اپنے وائس کوچ کو یہ ویڈیو ٹیپس ریکارڈ کرائی تھیں۔ان میں انھوں نے شہزادہ چارلس سے تعلقات ، پھر شادی اور ازدواجی زندگی کے مسائل کو تفصیل سے بیان کیا تھا۔انھوں نے یہ بھی بتایا تھا کہ جب انھوں نے برطانیہ کی ملکہ ایلزبتھ دوم سے اپنی ناکام شادی کے بارے میں مشورے کے لیے گفتگو کی تو انھوں نے کیا ردعمل ظاہر کیا تھا۔

شہزادی ڈیانا کا کہنا تھا کہ انھیں ملکہ نے یہ جواب دیا تھا:’’ میں کچھ نہیں جانتی کہ تمھیں کیا کرنا چاہیے‘‘۔ڈیانا نے خود کو ایک شخص سے بہت گہری محبت ہوجانے کے بارے میں بھی گفتگو کی تھی۔اس شخص کے بارے میں یہ خیال کیا جاتا ہے کہ وہ ان کی حفاظت پر مامور افسر بیری ماناکی تھا۔

لیڈی ڈیانا کی ریکارڈ شدہ اس گفتگو کے بعض حصے 2004ء میں امریکا میں نشر کیے گئے تھے لیکن برطانیہ میں اس سے قبل کبھی یہ ریکارڈنگ نشر نہیں کی گئی ہے۔اب یہ ڈاکومینٹری اتوار کو برطانیہ کے چینل چار سے نشر کی جارہی ہے۔

یادرہے کہ لیڈی ڈیانا پیرس میں 31 اگست 1997ء کو ایک کار حادثے میں ہلاک ہوگئی تھیں۔اس وقت ان کے ساتھ کار میں سوار ایک کروڑ پتی مصری ڈوڈی الفائد بھی ہلا ک ہوگئے تھے۔اس حادثے میں ان کی ناگہانی موت کے بارے میں اب تک مختلف کہانیاں منظرعام پر آچکی ہیں اور برطانیہ کی خفیہ ایجنسی ایم آئی6 کے ایک سابقہ افسر نے کچھ عرصہ قبل ایک گفتگو میں یہ دعویٰ کیا تھا کہ لیڈی ڈیانا کی کار کو حادثہ پیش نہیں آیا تھا بلکہ انھیں قتل کیا گیا تھا لیکن ان کی کار کی بڑے پُر اسرار انداز میں تباہی کو حادثے کا نام دے دیا گیا تھا۔
اس طرح اچانک موت سے قبل لیڈی ڈیانا اکثر ڈوڈی الفائد کے ساتھ دیکھی جاتی تھیں اور یہ بھی افواہیں زیر گردش رہی تھیں کہ وہ شہزادہ چارلس سے طلاق لینے کے بعد ان سے شادی کرنے والی تھیں لیکن ان کی ناگہانی موت کے ساتھ ہی یہ تمام افواہیں بھی دم توڑ گئی تھیں۔
