از قلم: رانا محمد خالد انجم

27 فروری ایک تاریخ ساز دن
قرآن کریم میں اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں کے لیے حکم نازل فرمایا ” کہ اپنی استطاعت کے مطابق اپنی طاقت میں اضافہ کرو” یہ آیت خالصتاً کفار اور دشمنان اسلام کے خلاف جہاد کے لیے تیاری کے لیے نازل ھوئی اور اللّٰہ تبارک و تعالیٰ نے قرآن پاک میں جہاد کرنے والوں کے لیے بہت سی خوشخبریاں اور انعامات کا تذکرہ متعدد بار کرکے جہاد کیلئے ھر وقت تیار رھنے کی ترغیب دلائی تو دوسری طرف رحمت اللعالمین ، آقائے دو جہاں نبی الاخر زماں کے فرامین میں بھی مجاہدین کی فضیلت بیان کی گئی ہے ۔ اسی منہج پر چلتے ہوئے اللّٰہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی اطاعت میں ملک پاکستان کے سائنسدان اور افواج پاکستان اپنی جری قوت میں اضافہ کے لیے دن رات ایک کئے ھوئے ھیں ۔ جدید ترین ٹیکنالوجی ، میزائل پروگرام اور جوھری طاقت حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی سرحدوں کی نگرانی اور حفاظت کے لیے جہاں پر بری افواج کے جوان رات دن پہرہ کناں ھیں وہیں پر سمندری اور فضائی حدود کے دفاع کے لئے پاکستان نیوی اور فضائیہ کی عقابی نظریں ھمہ وقت دشمنان اسلام و پاکستان کا راہ روکے ہوئے ھیں ۔ جس کا عملی مظاہرہ تو روزانہ کی بنیاد پر خوارج کے خاتمے کی خبروں میں نظر آتا ہے لیکن کچھ ایسے کارنامے بھی موجود ھیں جن میں تاریخ رقم کردی گئی۔ 1965 کی جنگ میں بہادری کے جوہر دکھائے گئے اور 1971 کی قربانیوں نے تاریخ قائم کر دی ۔ دہشت گردی کی جنگ میں بہادری سے مقابلہ کرتے ھوئے دشمنوں کے ناپاک ارادوں کو خاک میں ملا کر اپنے ملک کو محفوظ اور پر امن بنانے میں کردار ادا کیا ۔ ایسا ھی ایک مشن چند برس قبل 27 فروری کو بھی کامیابی سے سر انجام دے کر نہ صرف اپنے ملک کا دفاع کیا بلکہ دشمنوں کے لیے یہ پیغام بھی تھا کہ دن ھو یا رات پاکستان کے بہادر سپوت غافل نہیں جی ھاں میں ذکر کرنا چاہ رھا ھوں ” آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ” کا جب انڈین فضائیہ نے رات کی تاریکی میں ائیر فورس کے ذریعے ملک پاکستان پر بزدلانہ کارروائی کا ارادہ کیا تو پاکستان کے شاہینوں نے پاکستان کے اپنے تیار کردہ جدید ترین جنگی طیارہ جے ایف تھنڈر 17 کے ساتھ انڈین ائیر فورس کے طیاروں کو مار گرایا اور انڈیا کے ایک پائلٹ کو گرفتار کر کے عالم کفار کو واضح پیغام دیا کہ جو بھی اس ملک کی طرف سے میلی آنکھ سے دیکھے گا اس کی آنکھیں نکال باہر کر دی جائیں گے۔ 11 ستمبر کو یوم فضائیہ منایا جاتا ہے لیکن 27 فروری کو بھی تاریخ میں پاکستان فضائیہ کی برتری کی داستان رقم کردی گئی ۔ پاکستان کے انجینئرز اور سائنسدانوں نے جہاں پر ملکی دفاع کو مضبوط کیا وہیں پر پاکستان کی مسلح افواج نے اپنی لازوال قربانیوں سے اسے ناقابل تسخیر بنا کر مثال قائم کی اور قرآن کریم کی آیت کہ ” اپنی استطاعت کے مطابق اپنی قوت میں اضافہ کرو اور ھر دم تیار رھو ” کی عملی تصویر پیش کی ۔
