
وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے رمضان پیکج 2025 کی مانیٹرنگ کے نظام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس پروگرام کے ذریعے 40 لاکھ مستحق خاندانوں میں 20 ارب روپے تقسیم کئے جائیں گے، ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے مستحق خاندانوں میں شفافیت کے ساتھ رقم کی تقسیم کو یقینی بنایا جارہا ہے۔
- یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ رمضان ریلیف پیکج کے تحت مستحق خاندانوں میں رقوم کی تقسیم کے لئے پہلی بار منفرد نوعیت کے ڈیجیٹل والٹ پروگرام کو بروئے کار لایا جا رہا ہے اور اس اقدام سے شفافیت کو یقینی بنایا گیا ہے اور ماضی میں خورد برد اور غیر معیاری اشیاء کی فراہمی کی شکایات کا بھی ازالہ کیا گیا ہے۔
- اس پروگرام کے ذریعے چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں 40 لاکھ خاندانوں میں فی خاندان 5 ہزار روپے کے حساب سے 20 ارب روپے تقسیم کئے جائیں گے۔
- بریفنگ میں وزیرِاعظم کو بتایا گیا کہ مانیٹرنگ سینٹر میں موصول ہونے والی کالز کا مکمل ڈیٹا موجود ہے اور روزانہ ہزاروں کی تعداد میں عوام معلومات کے حصول کے لئے سینٹر میں کال کر رہے ہیں۔ تمام کالز کو ضروری کارروائی کے بعد نمٹایا جاتا ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے رمضان پیکج 2025 کے مانیٹرنگ کے نظام کا جائزہ لینے کے لئے نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا
“رمضان پیکج مانیٹرنگ پروگرام کے ذریعے 40 لاکھ مستحق خاندانوں میں 20 ارب روپے شفاف انداز میں تقسیم کئے جائیں گے، ڈیجیٹل والٹ پروگرام قابل تعریف ہے۔ یوٹیلیٹی سٹورز کے ذریعے اشیاء ضروریہ کی تقسیم کے عمل میں کرپشن اور ناقص و غیرمعیاری اشیاء کی فراہمی کی شکایات تھیں۔ موجودہ پروگرام کے ذریعے کرپشن اور دیگر شکایات کا خاتمہ ہو گیا ہے۔”
