سابق صدر مرحوم رفسنجانی کی صاحب زادی فائزہ رفسنجانی پر الزام عاید کیا گیا ہے کہ اس نے حکومت اور پاسداران انقلاب کے خلاف iranغلط باتیں منسوب کیں۔ جھوٹ بولا، رائے عامہ کو گمراہ کرنے کی کوشش کی اور ایرانی رجیم کے خلاف منفی پروپیگنڈہ کرتے ہوئےحکومتی اداروں اور شخصیات کی کردار کشی کی۔ ان الزامات کے تحت فائزہ پر مقدمہ چلایا گیا اور عدالت نے اسے چھ ماہ قید کی سزا کا حکم دیا ہے۔

اصلاح پسندوں کی مقرب نیوز ویب پورٹل ’کلمہ‘ کے مطابق تہران کی ایک عدالت نے فائزہ رفسنجانی کو چھ ماہ قید کی سزا حکومت پر تنقید کی پاداش میں سنائی ہے۔ رپورٹ کے مطابق فائزہ پر الزام تھا کہ اس نے ایرانی جوڈیشل کونسل کے چیئرمین آیت اللہ علی صادق آملی لاری جانی کو اس وقت تنقید کا نشانہ بنایا تھا جب اصلاح پسندوں نے انکشاف کیا تھا کہ آملی کے 63 ذاتی بنک اکاؤٹنس میں کروڑوں کی رقوم موجود ہیں۔ نیز شہریوں کی رقوم سے حاصل ہونے والا منافع بھی ان اکاؤنٹس کو منتقل کیا جاتا ہے۔

فائزہ رفسنجانی کا شمار ان ایرانی رہ نماؤں میں ہوتا ہے جو گاہے بہ گاہے حکومت وقت اور ریاستی اداروں کی کرپشن پر آواز بلند کرتے رہتے ہیں۔ فائزہ کو پہلی بار جیل نہیں بھیجا گیا بلکہ وہ ماضی میں بھی حکومت پر تنقید کی پاداش میں جیلوں کی ہوا کھا چکی ہیں۔