ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق 21 سالہ طالبہ کے ایک دوست نے اسے زیادتی کا نشانہ بنایا تھا اور اپنے بھیانک جرم کی ویڈیو بھی بنا لی تھی۔ وہ اس ویڈیو کی بناءپر لڑکی کو مسلسل بلیک میل کررہا تھا۔ اپنے آخری پیغام میں اس نے دھمکی دی تھی کہ اگر وہ اپنے گھر والوں کو چھوڑ کر اسے کے پاس نہ پہنچی تو وہ ویڈیو انٹرنیٹ پر ڈال دے گا۔ اس دھمکی سے گھبرا کر لڑکی نے اپنی زندگی کا ہی خاتمہ کرلیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ خود کشی کرنے والی لڑکی دہلی یونیورسٹی کے سکول آف اوپن لرننگ میں بی کام کی طالبہ تھی۔ اس کے گھر والوں کا کہنا ہے کہ اس نے حال ہی میں پولیس کو بھی شکایت کی تھی کہ اسے زیادتی کا نشانہ بنایا گیا ہے لیکن کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔ اس کی عصمت دری کرنے اور بعدازاں ویڈیو کی بنا پر بلیک میل کرنے والے ملزم کا نام وید پرکاش بتایا گیا ہے۔ لڑکی کی خود کشی کے بعد ملزم کے خلاف مقدمہ دج کرکے قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے، البتہ پولیس تاحال اسے گرفتار کرنے میں ناکام ہے۔