غازی آباد (نیوز ڈیسک) عقل تو یہی کہتی ہے کہ طلاق جیسے انتہائی قدم کے پیچھے یقینا کوئی غیر معمولی وجہ ہونی چاہئیے لیکن بھارتی شہر غازی آباد سے تعلق رکھنے والے اس شخص کی عقل کا اندازہ کیجئے کہ جس نے نمکو پر جھگڑا کر کے اپنی اہلیہ کو طلاق دے کر گھر سے نکال دیا۔
اخبار ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق 26 سالہ متاثرہ لڑکی کا کہنا ہے کہ ہفتے کے روز اس کا خاوند سلیم نمکو کے دو پیکٹ لے کر آیا، جن میں سے ایک اس نے ہمسائے میں مقیم اپنے والدین کو بھجوا دیا۔ بس اسی بات پر سلیم انتہائی مشتعل ہوگیا اور بیوی کو شدید تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد طلاق دے کر گھر سے نکال دیا۔

لڑکی نے بتایا کہ اس کے خاوند نے اس کے تین سالہ بیٹے کو بھی اس کے ساتھ ہی گھر سے نکال دیا اور اب وہ کمسن بیٹے کے ساتھ اپنے والدین کے گھر میں مقیم ہے۔ لڑکی اور اس کا والد اتوار کے روز اپنی شکایت لے کر مقامی وزیر اتل گارگ کی کھلی کچہری میں گئے، لیکن وزیر موصوف کا کہنا تھا کہ وہ ان کی کوئی مدد نہیں کرسکتے۔ انہوں نے لڑکی کو پولیس کے پاس جانے کا مشورہ دے کر رخصت کردیا۔