بالی ووڈ اداکار سنجے دت کی زندگی پر بننے والی فلم کی شوٹنگ جاری ہے اس دوران مادھوری ڈکشٹ بھی میدان میں آگئیں اور سنجے دت کو فون کردیا۔ کہتی ہیں کہ برائے مہربانی اس فلم میں ان دونوں کے معاشقے کو شامل نہ کیا جائے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار راج کمار ہیرانی اپنے دوست اداکار سنجے دت کی زندگی پر فلم بنا رہے ہیں جس میں سنجے دت کا کردار رنبیر کپور ادا کر رہے ہیں۔ فلم میں سنجے دت کی تینوں شادیوں اور مختلف معاشقوں کا بھی ذکر کیا جائے گا جس میں ان کا مادھوری کے ساتھ کئی سال تک چلنے والا افیئر بھی شامل ہے۔ جب یہ خبر مادھوری تک پہنچی تو انہوں نے فوری طور پر سنجے دت کو فون گھمادیا اور درخواست کی کہ وہ زندگی کے اس حصے کو اپنی بائیو پک سے باہر نکلوادیں۔

دوسری جانب مادھوری ڈکشٹ کا کہنا ہے کہ انہوں نے فلم کے حوالے سے سنجے دت کو کوئی فون نہیں کیا۔ پتا نہیں کہاں سے ایسی خبریں گھڑ لی جاتی ہیں۔” میں اپنی زندگی میں بہت آگے بڑھ چکی ہوں اور اس بارے میں بات کرنے کا میرے پاس وقت نہیں ہے“۔

واضح رہے کہ 1991 میں فلم ساجن کی شوٹنگ کے دوران مادھوری ڈکشٹ اور سنجے دت کا معاشقہ پروان چڑھا تھا جو کھل نائیک میں اور زیادہ گہرا ہو گیا تھا ۔ ان دنوں ان کے معاشقے کے چرچے زبان زد عام تھے تاہم جلد ہی ان کی جوڑی ٹوٹ گئی تھی
۔
