ابوجہ(مانیٹرنگ ڈیسک) نائیجیریا میں ایک کتے نے اپنے مالک کی شادی کی تقریب میں آنے والی کم عمر لڑکی پر حملہ کر دیا لیکن اگلے ہی لمحے ایسا کام ہو گیا کہ کسی کے وہم و گمان میں بھی نہ تھا۔ تمام مہمان اس کتے کو داد دینے لگے جس نے ان کی جان بچا لی تھی۔ ویب سائٹ worldwideweirdnews کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ نائیجیریا کے شہر میڈوگوری میں پیش آیا۔ یہ شہر شدت پسند تنظیم بوکوحرام کے نشانے پر ہے اور آئے روز یہاں خودکش حملے ہوتے رہتے ہیں۔ شادی کی تقریب میں آنے والی یہ لڑکی بھی درحقیقت خودکش حملہ آور تھی جو اس تقریب کو نشانہ بنانے آ رہی تھی۔
کتے نے شاید لڑکی کے جسم سے بندھے بارود کو بھانپ لیا تھا اور ابھی لڑکی مہمانوں سے کافی فاصلے پر ہی تھی کہ آگے بڑھ کر اس پر حملہ کر دیا۔کتے کے حملہ کرنے پر لڑکی کی خودکش جیکٹ پھٹ گئی اور لڑکی اور کتے کے چیتھڑے اڑ گئے۔ شادی میں آئے مہمان بوبا احمد کا کہنا تھا کہ ”تمام مہمان اس بہادر کتے کے مشکور ہیں جس نے ان کی جان بچا لی۔ اگر لڑکی تقریب کے اندر پہنچ جاتی تو بہت بڑی تباہی آتی۔ پولیس کے ترجمان وکٹر اسوکو کی طرف سے بھی واقعے کی تصدیق کر دی گئی ہے۔
