ممبئی: بولی وڈ میں جہاں ایکشن اور رومانوی فلموں کی دھڑا دھڑ تیاری نظر آتی ہے، وہیں سماجی مسائل پر بھی فلمیں بنتی ہیں۔

ایسی ہی سماجی مسئلے پر بننے والی اکشے کمار کی فلم ٹوائلٹ ’ایک پریم کتھا‘ کا ٹریلر جاری کر دیا گیا، جو بھارت میں رفع حاجت کے مسئلے کے لیے ٹوائلیٹس کی قلت کو اجاگر کرنے کے لیے بنائی گئی ہے۔ فلم میں اکشے کمار کے ساتھ بھومی پیڈنیکر مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں، جو فلم میں ان کی بیوی کے کردار میں نظر آئیں گی۔

اس فلم کی ہدایات شری نارائن سنگھ نے دی ہیں، فلم کو رواں برس 11 اگست کو ریلیز کیا جائے گا۔ اس فلم کی خاص بات یہ ہے کہ یہ خالصتاً بھارت کے سب سے بڑے سماجی مسئلے ٹوائلٹ کی قلت کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے بنائی گئی ہے۔ اس وقت بھارت میں ٹوائلٹ کی قلت حکومت اور سماجی تنظیموں کے لیے سب سے بڑا چیلنج بنا ہوا ہے۔

اس فلم کو بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی ملک بھر میں ٹوائلٹ تعمیر کرنے کی مہم سے متاثر ہو کر بنایا گیا ہے، اور فلم کے ٹریلر کو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ اس مسئلے کو ہلکے پھلکے اور مزاحیہ انداز میں بڑے احسن طریقے سے اجاگر کیا گیا ہے۔

فلم کا ٹریلر جاری کرنے سے پہلے اس ٹریلر کو سینسر بورڈ آف فلم سرٹیفکیشن (سی بی ایف سی) کو بھیجا گیا تھا، جسے بورڈ کے چیف پہلاج نیلانی نے دیکھنے کے بعد اس کی تعریف کی تھی۔ پہلاج نہلانی نے کچھ دن قبل ہی ٹوئیٹ کی کہ فلم سچے واقعات پر مبنی ہے، اسے ٹیکس فری قرار دئیے جانے کے ساتھ ساتھ اس کی پروموشن کی جائے، ساتھ ہی انہوں نے فلم کے لیے سپر ہٹ کے الفاظ استعمال کیے۔

