رکن قومی اسمبلی اور عوامی راج پارٹی کے سربراہ جمشید دستی نے سیشن عدالت میں پیشی کے موقع پر قیدیوں کی وین میں سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان پرتشدد کیا جارہا ہے، وہ کئی دن سے بھوکے ہیں، جیل میں انہیں کھانے پینے کوکچھ نہیں دیا جا رہا ہے جبکہ سیل کے اندربچھو، سانپ اور دیگرکیڑے مکوڑوں کی بہتات ہے، جمشید دستی نے جیل سیل سے برآمد ہونے والا بچھو بھی میڈیا کو دکھایا۔اس دوران ان کی آواز بھر آئی ، انہوں نے مزید بتایا کہ میں 6روز سے بھوکا ہوں اور مجھےگھسیٹ گھسیٹ کر مارا جاتا ہے۔ مجھے انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا جارہا ہے ۔ میری بہن کینسر کی مریضہ ہے ۔ خدا کیلئے مجھ پر رحم کیا جائے۔
عدالت نے جمشید دستی کوکھانا کھلایا اوراحکامات جاری کیئے کہ جیل میں جمشید دستی کو ہروہ سہولت فراہم کی جائے جس کی قانون اجازت دیتا ہے۔ عدالت نے جمشید دستی کو ڈسٹرکٹ جیل سرگودھا منتقل کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے مقدمے کی سماعت 3 جولائی تک ملتوی کردی۔