روزنامہ امت کے مطابق 13 اپریل کو افغانستان کے مشرقی صوبہ ننگر ہار کے ضلع اچین کے علاقے مہنددرہ پر امریکہ کی جانب سے سب سے بڑے غیر ایٹمی بم گرائے جانے کے اک ہفتہ بعد داعش کے تباہ ہونے والے مرکز کے ملبے سے 13 بھارتی باشندوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں، جن کا تعلق کیرالہ سے ہے اور وہ ہندو ہیں۔ اخبار کے مطابق مرنے والے یہ افراد بھارتی سکیورٹی فورس کے اہلکار تھے، جو پاکستان کے خلاف سازشوں اور داعش کارندوں کو تربیت دینے کیلئے اس مرکز میں آئے تھے۔ افغان حکام نے ان لاشوں کو کابل منتقل کرنے کے بعد بھارتی سفارتخانے سے رابطہ کیا ہے، لیکن بھارتی سفارتخانے نے تاحال لاشوں کو وصول کرنے کے بارے میں کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔                                                                 13 اپریل کو مقامی وقت کے مطابق 7 بجکر 20 منٹ پر امریکہ نے 9 ہزار کلوگرام وزنی بم جی بی یو 43 داعش کے مرکز پر گرایا تھا۔ افغان وزارت دفاع نے دعویٰ کیا تھا کہ حملے میں داعش کے 90 سے زائد جنگجو ہلاک ہوئے ہیں۔ بھارتی میڈیا نے بھی داعش مرکز سے 13 بھارتیوں کی لاشیں ملنے کی تصدیق کی ہے تاہم دعویٰ کیا ہے کہ مرنے والے مسلمان تھے۔