وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے 10 ارب روپے کی رشوت کی پیشکش کے ’بے بنیاد‘ الزامات پر انہیں قانونی نوٹس ارسال کر دیا۔
پنجاب حکومت کےترجمان ملک محمد احمد خان کےمطابق شہبازشریف عمران خان کوقانونی نوٹس بھجوا چکے ہیں جوآئندہ چند دنوں میں مل جائےگا۔
خیال رہےکہ گزشتہ دنوں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاتھا کہ پاناما کیس پر خاموشی اختیار کرنے کے لیے شہباز شریف کے قریبی ساتھی نے ملاقات کر کے 10 ارب روپے کی پیش کش کی تھی۔
بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کاکہناتھاکہ عمران خان کو جواب دینے کے بجائے اُن کے خلاف قانونی چارہ جوئی کروں گا۔
واضح رہےکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ دس ارب روپے کی پیش کش کا الزام ثابت ہو جائے تو قیامت تک معاف نہ کریں،ورنہ عدالت عظمیٰ سے اپیل ہو گی کہ الزام لگانے والے کے خلاف صادق اور امین کا فیصلہ کریں۔