نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت دنیا میں خواتین کے ساتھ جنسی زیادتیوں کے حوالے سے سرفہرست ہے۔ وہاں بسوں، ٹرینوں، سڑکوں اور کام کی جگہوں پر خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کرنا معمول کی بات ہے لیکن گزشتہ روز بھارتی شہر چنئی میں ایک لڑکی نے ایسی کمال ہمت کا مظاہرہ کیا ہے کہ آپ سن کر دنگ رہ جائیں گے۔ ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق چنئی کے ایک بازار میں ایک لڑکا آگے بھاگ رہا تھا اور اس کے پیچھے پیچھے ایک لڑکی۔ بازار والے حیرت سے انہیں دیکھ رہے تھے۔ بالآخر کچھ دور جا کر لڑکی نے لڑکے کو دبوچ لیا۔ پھر جب اصل ماجرا سامنے آیا تو پورا بازار لڑکی کی ہمت کی داد دینے لگا۔

رپورٹ کے مطابق اس لڑکے نے لڑکی کو جنسی طور پر ہراساں کیا تھا جس پر لڑکی نے خود وہاں سے بھاگنے کی بجائے لڑکے پر حملہ کر دیا اور وہ سر پر پاﺅں رکھ کر بھاگ کھڑا ہوا۔ لڑکی نے پھر بھی ہمت نہیں ہاری اور اس کا تعاقب کرکے اسے پکڑا اور ٹھکائی کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس کے مطابق 27سالہ لڑکی کیرالہ کی رہائشی ہے اورنوکری کے لیے چنئی میں مہالکشمی ایونیو میں رہائش پذیر ہے۔35سالہ ملزم کا نام مانی ہے جس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور جلد اسے عدالت میں پیش کر دیا جائے گا۔“