کراچی: اداکارشان بھارتی ہدایت کارمہیش بھٹ کی 80 کی دہائی میں ریلیز ہونے والی کامیاب ترین فلم ’’ارتھ‘‘ کا ری میک بنارہے ہیں،شان 1982 میں ریلیز ہوئی مہیش بھٹ کی کامیاب ترین فلم ’’ارتھ‘‘ کا ری میک ’’ارتھ 2‘‘ کے نام سے بنارہے ہیں،پاک بھارت سنیما کی تاریخ میں پہلی بار ہوگا کہ کسی بھارتی فلم کا ری میک پاکستان میں بنایا جارہا ہے، کئی نیشنل اور انٹرنیشنل ایوارڈز اپنے نام کرنے والی فلم ’’ارتھ‘‘ میں بھارت کی باصلاحیت اداکاراؤں سمیتا پاٹیل، شبانہ اعظمی سمیت اداکار راج کرن اور کل بھوشن کھربندرا نے اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار شان نے مہیش بھٹ سے ملاقات کے دوران فلم ’’ارتھ‘‘ کا ری میک بنانے کی خواہش ظاہر کی تھی اور مہیش بھٹ نے انہیں بخوشی اجازت دے دی تھی، مہیش بھٹ کا کہنا تھا کہ ہر انسان کو چیزوں کو دیکھنے کا نظریہ الگ ہوتا ہے شان میری فلم کو کس طرح بناتے ہیں یہ تو فلم دیکھنے کے بعد ہی پتہ چلے گا۔فلم میں اداکار شان بطور ہدایت کار اور اداکاراپنی صلاحیتوں کا جادو جگائیں گے ،انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان فلمی تجارت کیلئے یہ فلم رول ماڈل ثابت ہوگی اور اس فلم سے دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ فلمیں بنائے جانے کے راستے ہموار ہوجائیں گے۔
