اسلام آباد(روز نامہ اوصاف )سابق وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض پیرزادہ نے کہا ہے کہ آصف زرداری کے ساتھ روابط کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ، نوازشریف کا سپاہی تھا اور رہوں گا ، وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فوادکے ساتھ اختلافات کے باعث استعفیٰ پیش کیا تھا۔ان خیالات کا اظہارریاض پیر زادہ نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف سے میرے کسی قسم کے کوئی اختلافات نہیں ہیں اور نہ ہی میں ان سے ناراض ہوں لیکن وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کیساتھ چپقلش ہے جس کی وجہ سے اپنا استعفیٰ وزیراعظم کو پیش کیا ۔ انہوں نے کہاکہ آصف علی زرداری کے ساتھ رابطوں اور ان کی پارٹی میں شمولیت کی خبریں بے بنیاد ہیں میں وزیراعظم نوازشریف کا سپاہی ہوں اور رہوں گا۔