کراچی: پاکستانی اداکارہ مدیحہ امام بھارتی ہدایت کارہ سنینہ بھٹناگر کی فلم ”ڈیئر مایا“ سے بالی ووڈ میں انٹری دیں گی۔ ماہرہ خان، صباقمر اور دیگر اداکاراوں کے بعد اب اداکارہ مدیحہ امام بھی بالی ووڈ میں فنی سفر کا آغاز کرنے کے لیے تیار ہیں، فلم میں مدیحہ امام سمیت ماضی کی معروف اداکارہ منیشا کوائرالا اداکاری کرتی نظر آئیں گی جب کہ ہدایت کارہ سنینہ بھٹناگر کی بھی یہ پہلی فلم ہے جو ان کی ڈائریکشن میں بننے جارہی ہے۔

نجی نیوز چینل سے بات کرتے ہوئے اداکارہ مدیحہ امام نے کہا کہ جب فلم میں کام کرنے کی پیش کش کے لیے کال آئی تو مذاق سمجھا لیکن جب انہوں نے اسکائپ پر بات کی تو یقین آیا جس پر خوشی سے پھولی نہیں سمائی، مجھے فلم کا اسکرپٹ بے حد

پسند آیا تھا تاہم فلم میں کام کرنے کی حامی والدین کی اجازت سے مشروط کی تھی۔ مدیحہ امام نے کہا کہ فلم میں منیشا کے ساتھ کام کرنے پربہت زیادہ پر جوش ہوں، فلم میں میرا کردار 16 سالہ لڑکی کا ہے جو بھارت کے علاقے شملہ سے تعلق رکھتی ہے، فلم کی کہانی بھی بہتر مستقبل کی تلاش کے لیے کی جانے والی کوششوں پر مبنی ہے جب کہ فلم کی شوٹنگ 2016 میں شیڈول تھی۔ مدیحہ امام کا کہنا تھا کہ موجودہ پاک بھارت کشیدگی کے پیش نظر فلم کی تشہیر میں حصہ نہیں لے سکوں گی لیکن ہر شخص کے لیے اس کا وطن پہلے ہوتا ہے اور میرے لیے بھی پاکستان سب سے پہلے ہے۔

