نئی دہلی (اسپورٹس ڈیسک) بالی ووڈ کے کنگ خان کو فلم انڈسٹری میں 25 برس مکمل ہوگئے اور ان کا شمار بھارتی فلم انڈسٹری کے بڑے ستاروں میں ہوتا ہے جن کا نام ہی ان کی کامیابی کی ضمانت ہے۔

شاہ رخ کی کامیابی کے پیچھے ان کی اہلیہ گوری خان کا بھی بہت بڑا ہاتھ ہے اور خود شاہ رخ خان بھی اس بات کو تسلیم کرتے ہیں تاہم اب انہوں نے ایک انتہائی دلچسپ راز سے بھی پردہ اٹھا دیا ہے۔ فلم انڈسٹری میں اپنے 25 سال مکمل ہونے اور ازدواجی زندگی کی سلور جوبلی پوری ہونے کے موقع پر بھارتی خبر رساں ادارے کو دئیے گئے انٹرویو میں انہوں نے بہت سی دلچسپ باتیں بتائیں۔اس دوران شاہ رخ نے اپنی زندگی کا سب سے بڑا راز بتاتے ہوئے انکشاف کیا کہ انہوں نے شادی کی رات بھی فلم سیٹ پر گزاری، کیوں کہ ان دنوں ان کی پہلی فلم کی شوٹنگ جاری تھی۔کنگ خان کے مطابق جس دن ان کی شادی ہوئی، اسی دن ہی وہ ممبئی منتقل ہوئے اور ان کا یہ فیصلہ بہت بڑی تبدیلی ثابت ہوا۔
