تلہ گنگ میں خطاب کرتے هوئےعمران خان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کو بھی پیغام دینا ہے کیونکہ انہوں نے بھی اگلا الیکشن لڑنا ہے اور ہم آپ سے پوچھیں گے سرے محل کتنے پیسوں کا لیا اور سوئٹزرلینڈ میں 7 ملین ڈالر کدھر سے آئے لہذا آصف زرداری آپ بھی کسی قطری شہزادے کو پکڑ لو کیونکہ آپ کو بھی اس کی ضرورت پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ہم مل کر کرپٹ حکمرانوں کو شکست نہیں دیں گے آگے نہیں بڑھ سکتے، زرداری اور نواز شریف کا پیسہ، جائدادیں اور کاروبار ملک سے باہر ہیں، جس کا جینا مرنا پاکستان میں ہی نہیں وہ کیسے ملک سے وفادار ہوسکتا ہے ایسے حکمران ملک سے وفاداری نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف باہر جاکر لوگوں سے کہتے ہیں کہ پاکستان میں سرمایا کاری کرو لیکن ان کی اپنی جائدادیں خود ملک سے باہر ہیں، آنے والے دنوں میں پاناما کا فیصلہ ہونے جارہا ہے اور میں بھی اس کا انتظار کررہا ہوں۔