ممبئی(ویب ڈیسک)گزشتہ کئی برسوں میں بہت سی پاکستانی اداکارائیں جیسے وینا ملک،میرا اور سارہ لورین وغیرہ نے بولی وڈانڈسٹری میں بطور اداکارہ کام کیا لیکن ان کے کردار یا تو ثانوی نوعیت کے ہوتے تھے اور اگر کسی کو مرکزی کردار دیا جاتا تھا تو وہ زیادہ پاور فل نہیں ہوتا تھا ۔

لیکن اب بھارتی فلمساز پاکستانی اداکاراؤں کو طاقتور مرکزی کرداروں میں کاسٹ کررہے ہیں۔جیسے پاکستان کی خوبرو اداکارہ میشا شفیع 2013 میں “بھاگ ملکھا بھاگ”،حمائمہ ملک 2014 میں”راجا نٹور لال”،ماہرہ خان رواں سال شاہ رخ خان کے مقابل “رئیس” میں نظر آئیں اور اب صباء قمر عرفان خان کے ساتھ ” ہندی میڈیم “میں مرکزی کردار ادا کرتی نظر آئیں گی،

جبکہ اس لسٹ میں ماورا حسین، سعدیہ خان، مایا علی اور سجل علی بھی شامل ہیں۔ ہندوستان ٹائمز کے مطابق کاسٹنگ ڈائریکٹر مکیش چھابڑا کا کہنا ہے کہ پاکستانی اداکاراؤں کو فلموں میں کاسٹ کرنے کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ انہیں بھارتی عوام نے پہلے کبھی کسی ڈرامے ،اشتہار یا فلموں میں نہیں دیکھا ہوتا لہٰذا فلموں میں تازگی کا عنصر پیدا ہوجا تا ہے،جبکہ پاکستانی اداکارائیں خوبصورتی اور صلاحیتوں کا مجموعہ ہوتی ہیں۔

ایک اور بھارتی فلمساز نے نام نہ بتانے کی شرط پر بتا یا کہ بھارتی اداکاراؤں کی نسبت پاکستانی اداکارائیں زیادہ پروفیشنل ہوتی ہیں ،وہ بلاوجہ غصہ نہیں کرتیں ،

اس کے علاوہ ہندی پر انہیں عبور حاصل ہوتاہے ،لہٰذا ان کی صلاحیتوں کا موازنہ کسی بھی بھارتی اداکارہ سے نہیں کیا جا سکتا۔ تجارتی تجزیہ کار ترن آدرش کے مطابق پاکستانی اداکاراؤں کو کاسٹ کرنا یہ خا لصتاً ہدایت کار کی مرضی پر منحصر ہوتا ہے ،

وہ جانتے ہیں ان کی فلم اور کردار کیلئے کون موزوں ہے ،ہمیں سیٹلائٹ ٹی وی اور انٹر نیٹ کا شکریہ اداکرنا چاہئے ،جن کی بدولت ہم دنیا بھر میں چھپے باصلاحیت لوگوں کو باآسانی پہچان سکتے ہیں ،

یہ تمام بہترین اداکارائیں ہیں۔ پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کو فلم رئیس میں کاسٹ کرنے والے ہدایت کار راہول ڈھولکیا کی سوچ بھی تر ن آدرش سے مختلف نہیں ،

انہو ں نے کہا کہ بطور فلمساز وہ جانتے ہیں کون بہتر کام کرتا ہے ان کا یقین ہے کہ اسٹار کی امیج سے زیادہ کردار نگاری پر زور دینا چاہئے ،ہم نے فلم رئیس کیلئے بہت سی اداکاراؤں کا آڈیشن کیا ،لیکن ماہرہ ان سب میں بہترین تھیں۔

پاکستانی اداکار فواد خان کو بھارتی عوام میں بہت زیادہ مقبولیت حاصل ہے ان کانام انڈیا میں نیا نہیں بلکہ ان کے وہاں بہت سے مداح موجود ہیں

جو انہیں پسند کرتے ہیں ،انہوں نے بولی وڈ میں اپنے کرئیر کا آغاز 2014 میں فلم”خوبصورت”سے کیا ،اس کے بعد وہ کرن جوہر کی فلم”کپور اینڈ سنز”میں نظر آئے،ان کا کہنا تھا کہ وہ یہ جان کر بہت خوش ہیں کہ ان کے علاوہ بھی بہت سے پاکستانی اداکار بھارت میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔


